
ویب ڈیسک: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے تیار ہے، تاہم اس کے لیے واضح ضمانت درکار ہے کہ تنازع دوبارہ شروع نہیں کیا جائے گا۔
خلیجی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر نے یہ بات یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوستا سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران ایرانی عوام کا اتحاد قابلِ تعریف ہے اور قوم نے یکجہتی کی مثال قائم کی ہے۔
اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی واضح کر چکے ہیں کہ ایران محض جنگ بندی نہیں بلکہ اس تنازع کا مکمل اور جامع خاتمہ چاہتا ہے۔
عرب میڈیا سے گفتگو میں عباس عراقچی نے بتایا کہ امریکی نمائندہ خصوصی کی جانب سے براہ راست پیغامات موصول ہو رہے ہیں، تاہم باضابطہ مذاکرات نہیں ہو رہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی سے متعلق محدود بات چیت پاکستان کے ذریعے جاری ہے۔
دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایرانی قیادت کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رہا تو وہ امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کر سکتے ہیں۔


















