
لاہور: معروف پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال کی شادی کی تقریبات سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں، جہاں ان کی مختلف تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کی جا رہی ہیں۔ دعا خیر اور مہندی کے بعد اب اداکارہ کی نکاح تقریب کی تصاویر بھی منظرِ عام پر آ گئی ہیں، جنہوں نے مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔
مومنہ اقبال پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور انسٹاگرام پر ان کے تقریباً 20 لاکھ فالوورز موجود ہیں۔ انہوں نے ’’میرے ہم نشین‘‘، ’’دو کنارے‘‘، ’’توبہ‘‘، ’’احسان فراموش‘‘، ’’گھٹا‘‘، ’’عہدِ وفا‘‘، ’’پارلر والی لڑکی‘‘ اور ’’دستک‘‘ سمیت متعدد کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
لاہور میں منعقد ہونے والی نکاح تقریب میں مومنہ اقبال نے سنہری رنگ کا نہایت نفیس اور دیدہ زیب لہنگا زیب تن کیا، جس پر باریک اور خوبصورت کڑھائی کی گئی تھی۔ انہوں نے ہم رنگ چولی اور بھاری کام والے دوپٹے کے ساتھ ایک اضافی زنگی رنگ کا دوپٹہ بھی اوڑھا، جس پر لیس اور گوٹے کا دلکش کام کیا گیا تھا۔
اداکارہ نے اپنے برائیڈل انداز کو روایتی زیورات سے مکمل کیا، جن میں نتھ، ٹیکا، جھومر، سونے کا چوکر، ہار اور کنگن شامل تھے۔ دوسری جانب ان کے شریکِ حیات حمزہ حبیب سفید رنگ کی روایتی شیروانی اور سفید و سنہری کلہ میں انتہائی وجیہہ دکھائی دیے۔
نکاح کی تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد مداحوں نے جوڑے کے لیے نیک خواہشات اور دعاؤں کا اظہار کیا، جبکہ مومنہ اقبال کا دلکش برائیڈل انداز بھی سوشل میڈیا پر خاصی مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔


















