کرکٹ قوانین میں بڑی تبدیلیاں آئی سی سی نے منظوری دے دی

کرکٹ قوانین میں بڑی تبدیلیاں آئی سی سی نے منظوری دے دی



کرکٹ قوانین میں بڑی تبدیلیاں آئی سی سی نے منظوری دے دی

ابوظہبی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ میں خراب روشنی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک نیا تجرباتی اقدام منظور کر لیا ہے، جس کے تحت ایسے میچز میں جہاں کم روشنی کی وجہ سے کھیل متاثر ہونے کا خدشہ ہو، گلابی گیند کے استعمال کی اجازت دی جا سکے گی۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی بورڈ کے اجلاس میں چیف ایگزیکٹو کمیٹی کی متعدد سفارشات کی منظوری دی گئی۔ نئی پالیسی کے تحت اگر کسی ٹیسٹ میچ کے دوران روشنی کے مسائل کا امکان ہو تو دونوں ٹیموں کی پیشگی رضامندی سے میچ کا آغاز روایتی سرخ گیند کے بجائے گلابی گیند سے کیا جا سکے گا۔

واضح رہے کہ اب تک گلابی گیند صرف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچز میں استعمال کی جاتی تھی، تاہم آئی سی سی کا ماننا ہے کہ اس نئے تجربے سے فلڈ لائٹس میں کھیل جاری رکھنے میں مدد ملے گی اور خراب روشنی کے باعث ضائع ہونے والے اوورز میں کمی آئے گی۔

آئی سی سی کے مطابق اس پالیسی کے مکمل نفاذ کے لیے ضروری ضوابط فوری طور پر نافذ نہیں ہو سکیں گے، اس لیے 4 جون سے شروع ہونے والی انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ سیریز میں اس کا اطلاق متوقع نہیں ہے۔ کونسل نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ میچ آفیشلز اور اسٹیڈیمز میں روشنی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تحقیق و ترقی کے منصوبوں پر کام کیا جائے گا، جس میں ایم سی سی (Marylebone Cricket Club) کے ساتھ مشترکہ سرمایہ کاری بھی شامل ہوگی۔

دوسری جانب آئی سی سی نے ایک اور اہم تبدیلی کی منظوری دیتے ہوئے ون ڈے اور ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ہیڈ کوچز یا نامزد سپورٹ اسٹاف کو ڈرنکس بریک کے دوران میدان میں جا کر کھلاڑیوں سے براہ راست مشاورت کی اجازت دے دی ہے۔ اس سے قبل کوچز کو میدان میں جانے کی اجازت نہیں تھی اور پیغامات صرف ڈرنکس لے جانے والے کھلاڑیوں کے ذریعے منتقل کیے جاتے تھے۔

ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں اننگز کے درمیان وقفہ 15 منٹ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ بلے بازوں کو مقررہ وقت پر دوبارہ کھیل شروع کرنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

آئی سی سی نے وائیڈ بال کے قوانین میں بھی مستقل تبدیلی کرتے ہوئے لیگ سائیڈ وائیڈ کے فیصلوں میں امپائرز کی مدد کے لیے گائیڈ لائنز کے استعمال کو مستقل بنیادوں پر نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، خصوصاً ان مواقع پر جب بلے باز کریز میں اپنی پوزیشن تبدیل کر رہا ہو۔

مزید برآں مشتبہ باؤلنگ ایکشن کے معاملات میں میچ آفیشلز کو ہاک آئی ڈیٹا تک رسائی فراہم کی جائے گی تاکہ رپورٹنگ کے عمل کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔

کرکٹ ماہرین کے مطابق آئی سی سی کے یہ اقدامات کھیل کے تسلسل کو بہتر بنانے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے اور بین الاقوامی کرکٹ قوانین کو موجودہ تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیے جا رہے ہیں۔
 





Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *