
ویب ڈیسک: ایران نے عمان کے ساتھ مشاورت کے بعد آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک اور نیویگیشن کے نظم و نسق سے متعلق نئے ضوابط نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بین الاقوامی آبی گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے اور اس پر خودمختاری کے استعمال کا حق صرف ایران اور عمان کو حاصل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نئے ضابطہ کار دونوں ممالک کے درمیان مشاورت اور باہمی اتفاق رائے کے بعد متعارف کرائے گئے ہیں، جن کا مقصد بحری آمد و رفت اور نیویگیشن کے نظام کو مزید مؤثر اور منظم بنانا ہے۔
کاظم غریب آبادی کے مطابق تہران نے عمان پر زور دیا ہے کہ وہ بیرونی دباؤ، بالخصوص امریکی دھمکیوں، کو خاطر میں نہ لائے اور مشترکہ مفادات کے تحت تعاون جاری رکھے۔
تجزیہ کار ایرانی نائب وزیر خارجہ کے بیان کو آبنائے ہرمز سے متعلق ایک اہم سفارتی اور تزویراتی پیش رفت قرار دے رہے ہیں، جس کے خطے کی بحری سلامتی اور عالمی توانائی کی ترسیل پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔


















