
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سینما انڈسٹری کی بہتری اور بحالی کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہیں، جس کے تحت صوبے میں “فلم سٹی” کا منصوبہ زیر تعمیر ہے جہاں فلم سازوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ فلمیں کسی بھی ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ہوتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلم انڈسٹری کی بقا کے لیے نئی فلموں کا بننا انتہائی ضروری ہے، تاہم اب ہمیں اچھے گانوں کے ساتھ ساتھ کہانی اور فلم کے مجموعی معیار پر بھی توجہ دینا ہوگی۔
عظمیٰ بخاری نے نوجوان نسل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا ہدف نوجوانوں کو موبائل اور ٹچ سکرین کی دنیا سے نکال کر دوبارہ سینما گھروں کی طرف لانا ہے۔ انہوں نے نوجوان ہدایت کاروں کو دعوت دی کہ وہ فلمی دنیا میں نئی اور جدید سوچ کے ساتھ آئیں، کیونکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے فلم انڈسٹری کو ایک نئی اور مثبت سمت دی ہے۔
تقریب کے دوران اپنے ذاتی شوق کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا، “میں خود فلمیں دیکھنے کی بہت شوقین ہوں، لیکن مصروفیات کے باعث اب فلم دیکھنے کے لیے وقت بہت کم ملتا ہے۔” انہوں نے عزم دہرایا کہ پنجاب حکومت فلم انڈسٹری سے جڑے افراد کی ہر ممکن سرپرستی جاری رکھے گی۔


















