لاہور: سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جوئیہ نے کہا ہے کہ حادثاتی طور پر بینائی سے محروم ہونے والے پاکستانیوں کو اب مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، سری لنکا اور عالمی آئی بینکوں کے تعاون سے پاکستان کے 16 بڑے ہسپتالوں میں کارنیا کی مفت پیوند کاری کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
نیو نیوز کے پوڈ کاسٹ میں میزبان رضوان جرال کو انٹرویو دیتے ہوئے یاسین جوئیہ نے بتایا کہ سری لنکا اور پاکستان کی دیرینہ دوستی کے تحت انسانی اعضا کا عطیہ (کارنیا) مفت فراہم کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اب اپنی خدمات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے امریکن اور یورپین آئی بینکوں کی رکنیت بھی حاصل کر لی ہے تاکہ پاکستان میں کارنیا کے منتظر مریضوں کا علاج جلد ممکن ہو سکے۔
یاسین جوئیہ نے واضح کیا کہ یہ سہولت ان لوگوں کے لیے ہے جن کی بینائی کارنیا (آنکھ کی سامنے والی جھلی) متاثر ہونے کی وجہ سے ضائع ہوئی ہو۔ مریض سب سے پہلے ان 16 ہسپتالوں میں جا کر اپنا معائنہ کروائیں جو ہمارے پینل پر ہیں۔ اگر آئی سرجن تشخیص کرتا ہے کہ مریض کو کارنیا کی ضرورت ہے، تو اسے قونصلیٹ میں رجسٹرڈ کیا جاتا ہے۔ باری آنے پر سری لنکا سے منگوایا گیا کارنیا مریض کو لگا دیا جاتا ہے۔
قونصل جنرل نے بتایا کہ وہ صرف ان ہسپتالوں کے ساتھ کام کرتے ہیں جن کے پاس ہوٹہ (HOTA) یعنی ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کا لائسنس موجود ہے۔ ان ہسپتالوں میں لاہور میں میو ہسپتال، جنرل ہسپتال، مغل آئی ہسپتال اور سی ایم ایچ (CMH) شامل ہیں۔ دیگر شہر: ڈی ایچ کیو ساہیوال، ڈی ایچ کیو گوجرانوالہ اور بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال شامل ہیں۔
یاسین جوئیہ نے انکشاف کیا کہ شہید جنرل سرفراز کی خواہش پر انہوں نے بلوچستان کے عوام کے لیے خصوصی کام شروع کیا ہے۔ چونکہ بلوچستان میں اس وقت یہ سہولت موجود نہیں تھی تاہم اب تک 80 سے زائد بلوچ بھائیوں کو لاہور اور دیگر شہروں میں بلا کر ان کا مکمل مفت علاج کروایا جا چکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ کسی بھی مستحق اور نادار مریض کا ایک روپیہ بھی خرچ نہ ہو اور وہ دوبارہ بینائی کی نعمت حاصل کر سکے۔


















