
(ویب ڈیسک) دبئی میں پراپرٹی ویزا قوانین میں نرمی کردی گئی ہے ، اب دبئی میں جائیداد خریدنے پر 2 سال کے رہائشی ویزے کی پیشکش کی گئی ہے۔
دبئی میں سرمایہ کاروں کیلئے بڑی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ دبئی میں پراپرٹی ویزا قوانین میں نرمی کردی گئی ہے جس کے بعد 2 سالہ رہائشی ویزا کیلئے سنگل مالک پر قیمت کی شرط ختم کردی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اب مشترکہ پراپرٹی پر بھی رہائشی ویزا ملے گا، مشترکہ پراپرٹی میں ہر سرمایہ کار کا حصہ کم از کم 4 لاکھ درہم ہونا ضروری ہے۔
علاوہ ازیں دبئی کا 2 سالہ انویسٹر ویزا اب مزید آسان اور قابل رسائی ہوگا تاہم 5 سالہ ریٹائرمنٹ ویزا کیلئے 10 لاکھ درہم شرط برقرار ہے، ریٹائرمنٹ ویزا کیلئے عمر کم از کم 55 سال مقررکی گئی ہے۔
اسی طرح 10 سالہ گولڈن ویزا کیلئے 20 لاکھ درہم سرمایہ کاری لازمی ہے۔ گولڈن ویزا میں فیملی اور گھریلو ملازمین کی اسپانسرشپ کی سہولت موجود ہے۔ گولڈن ویزا ہولڈر کیلئے یواے ای سے باہر رہنے کی اجازت بھی ہوگی۔
نئی پالیسی سے دبئی میں سرمایہ کاری کے مواقع مزید وسیع ہوں گے۔


















