جرمنی میں آئی ٹی ماہرین کے لیے روزگار اور ویزا کے نئے مواقع

جرمنی میں آئی ٹی ماہرین کے لیے روزگار اور ویزا کے نئے مواقع

(ویب ڈیسک) جرمنی نے دنیا بھر کے ہنر مند آئی ٹی پروفیشنلز کے لیے ملازمت اور رہائش کے نئے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے ویزا سے متعلق قوانین اور شرائط کی وضاحت کر دی ہے۔

نئی پالیسی کے تحت غیر ملکی ماہرین کو مختلف رہائشی اجازت ناموں کے ذریعے جرمنی میں کام کرنے اور رہنے کا موقع مل سکے گا۔

یہ اقدامات جرمنی کی وفاقی وزارت برائے اقتصادی امور و توانائی کے تحت کیے گئے ہیں، جبکہ تنخواہوں کی تمام حدیں جنوری 2026 کے مطابق مقرر کی گئی ہیں۔

جرمن قوانین کے مطابق آئی ٹی شعبے سے وابستہ افراد کے لیے رہائشی اجازت نامہ حاصل کرنے کے تین اہم راستے موجود ہیں۔

پہلا راستہ: ہنر مند ملازمین کے لیے رہائشی اجازت نامہ

رہائشی ایکٹ کی دفعات 18A اور 18B کے تحت یہ سہولت ان افراد کے لیے دستیاب ہے جو ہنر مند افراد کے زمرے میں آتے ہیں۔ درخواست گزار کے پاس جرمنی سے حاصل کردہ یا جرمنی میں تسلیم شدہ تعلیمی یا پیشہ ورانہ ڈگری ہونی چاہیے۔ اس کے ساتھ جرمنی میں آئی ٹی اسپیشلسٹ کی حیثیت سے ملازمت کی باقاعدہ پیشکش بھی ضروری ہے۔

45 سال سے زائد عمر کے امیدواروں کے لیے سالانہ کم از کم 55 ہزار 770 یورو مجموعی تنخواہ یا مناسب پنشن انتظامات لازمی قرار دیے گئے ہیں۔ اس ویزا کے لیے فیڈرل ایمپلائمنٹ ایجنسی کی منظوری بھی درکار ہوگی۔

دوسرا راستہ: یورپی یونین بلیو کارڈ

رہائشی ایکٹ کی دفعہ 18G کے تحت جاری کیا جانے والا یورپی یونین بلیو کارڈ آئی ٹی ماہرین اور منیجرز کے لیے ایک اہم آپشن سمجھا جاتا ہے۔

اس کے لیے جرمنی میں تسلیم شدہ تعلیمی قابلیت یا جرمن یونیورسٹی کی ڈگری ضروری ہے۔ امیدوار کے پاس آئی ٹی شعبے میں ملازمت کی پیشکش ہونی چاہیے اور اس کا تعلق اس کی تعلیمی قابلیت سے بھی مطابقت رکھتا ہو۔

2026 کے مطابق اس ویزا کے لیے کم از کم سالانہ مجموعی تنخواہ 45 ہزار 934.20 یورو مقرر کی گئی ہے۔ اگر تنخواہ 50 ہزار 700 یورو یا اس سے زیادہ ہو تو فیڈرل ایمپلائمنٹ ایجنسی کی منظوری کی ضرورت نہیں ہوگی۔

بغیر ڈگری کے آئی ٹی ماہرین کے لیے بھی موقع

اس اسکیم کے تحت ایسے آئی ٹی پروفیشنلز بھی درخواست دے سکتے ہیں جن کے پاس باقاعدہ تعلیمی ڈگری موجود نہیں۔ تاہم، انہیں گزشتہ سات برسوں کے دوران کم از کم تین سال کا اعلیٰ سطحی آئی ٹی تجربہ ثابت کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ متعلقہ ملازمت، مقررہ تنخواہ اور فیڈرل ایمپلائمنٹ ایجنسی کی منظوری بھی لازمی شرائط میں شامل ہیں۔

تیسرا راستہ: آئی ٹی ورکرز کے لیے خصوصی رہائشی اجازت نامہ

رہائشی ایکٹ کی دفعہ 19C پیراگراف 2 اور غیر ملکی ملازمین سے متعلق آرڈیننس کی دفعہ 6 کے تحت ایک اور ویزا آپشن بھی دستیاب ہے۔

اس پروگرام کے لیے امیدوار کے پاس گزشتہ پانچ سال کے دوران کم از کم دو سال کا آئی ٹی تجربہ ہونا چاہیے، جبکہ جرمنی میں ملازمت کی پیشکش بھی لازمی ہوگی۔

سال 2026 کے لیے کم از کم سالانہ تنخواہ 45 ہزار 630 یورو مقرر کی گئی ہے۔ تاہم، اگر آجر اجتماعی لیبر معاہدے کے تحت کام کر رہا ہو تو کم از کم تنخواہ کی شرط ختم کی جا سکتی ہے، بشرطیکہ ملازم کو معاہدے کے مطابق تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔

جرمنی کی جانب سے متعارف کرائی گئی یہ نئی پالیسی عالمی آئی ٹی ماہرین کو یورپ میں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے اور ہنر مند افرادی قوت کو اپنی جانب راغب کرنے کی ایک اہم کوشش قرار دی جا رہی ہے۔

Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *