
ویب ڈیسک: ایران پر مسلط جنگ کے باعث عالمی سطح پر بڑھتی مہنگائی کے پیش نظر برطانیہ میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے متعدد اقدامات کا آج سے اطلاق کر دیا گیا ہے۔
برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ ان کی کوشش ہے کہ آبنائے ہرمز کو کھلوایا جائے کیونکہ اسی سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ممکن ہو سکتی ہے۔
وزیراعظم نے توانائی، انشورنس اور شپنگ کمپنیوں کے عہدیداروں سے ملاقات کے بعد کوبرا اجلاس طلب کیا، جس میں موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
برطانوی حکومت کے اعلان کے مطابق نیشنل لیونگ ویج کو بڑھا کر 12.71 پاؤنڈ کر دیا گیا ہے، جس سے 24 لاکھ ملازمین کو سالانہ 900 پاؤنڈ تک اضافی آمدن حاصل ہوگی، جبکہ کم از کم تنخواہ 10.85 پاؤنڈ مقرر کی گئی ہے جس سے تقریباً 2 لاکھ نوجوان ملازمین کو 1500 پاؤنڈ تک فائدہ ہوگا۔
اسی طرح توانائی بلوں میں سالانہ اوسطاً 117 پاؤنڈ کمی کی جا رہی ہے، جس کا اطلاق جون تک مکمل ہو جائے گا، جبکہ ادویات کی قیمتوں کو بھی منجمد کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم اسٹارمر کا کہنا تھا کہ ایران جنگ کے باعث عوام میں تشویش پائی جاتی ہے، تاہم حکومت مہنگائی میں کمی اور عوامی ریلیف کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔


















