
اسلام آباد :مشرقِ وسطیٰ میں جاری شدید کشیدگی کے باعث عالمی و قومی توانائی کے شعبے پر منفی اثرات کا سلسلہ برقرار ہے۔ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کے بعد اب غریب اور متوسط طبقے کے زیرِ استعمال ایل پی جی (مائع پٹرولیم گیس) کی قیمتوں میں بھی بڑا اضافہ کر دیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے جون کے مہینے کے لیے ایل پی جی گیس کی قیمت میں 4.95 روپے فی کلو گرام کا اضافہ کر دیا ہے۔ اس اضافے کے نتیجے میں 11.8 کلو گرام کا گھریلو سیلنڈر 58 روپے 51 پیسے مہنگا ہو گیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق، قیمتوں میں اضافے کے بعد جون کے مہینے کے لیے ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 3 ہزار 6 سو 43 روپے 41 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایل پی جی گیس کی فی کلو قیمت اب بڑھ کر 308 روپے 76 پیسے تک پہنچ گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ایل پی جی کی ان نئی اور بڑھی ہوئی قیمتوں کا ملک بھر میں فوری اطلاق آج ہی سے کر دیا گیا ہے۔


















