
چمن/ راولپنڈی: پاک افغان سرحد پر افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی جانب سے کی جانے والی بلا اشتعال جارحیت کے جواب میں پاک فوج نے آپریشن “غضب للحق” کے تحت بھرپور جوابی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کے موثر جواب نے دشمن کو پسپائی پر مجبور کر دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے چمن سیکٹر میں انتہائی درستی کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی متعدد چوکیوں اور جنگی گاڑیوں کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔ اس کارروائی میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سرحد پار سے ہونے والی اس جارحیت میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے مل کر پاکستانی حدود کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم پاک فوج کی بروقت اور پیشہ ورانہ جوابی کارروائی نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے اور انہیں پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔
سکیورٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ آپریشن غضب للحق تمام مقررہ اہداف کے مکمل حصول تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ پاک فوج سرحدوں کے دفاع اور ملکی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کے عزم پر قائم ہے۔


















