
ویب ڈیسک: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے پاکستان کو ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2028 کی میزبانی سونپنے کی منظوری دے دی ہے، جبکہ بھارتی ٹیم ایونٹ میں اپنے تمام میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے گی۔
آئی سی سی کی جانب سے احمد آباد میں ہونے والی بورڈ میٹنگ کے بعد جاری اعلامیے میں چیف ایگزیکٹو کمیٹی کی متعدد اہم سفارشات کی منظوری کا اعلان کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میں خراب روشنی کے باعث کھیل کے ضیاع کو کم کرنے کے لیے دونوں ٹیموں کی رضامندی سے پنک بال کے استعمال کی آزمائشی بنیادوں پر اجازت دے دی گئی ہے، تاکہ میچ زیادہ سے زیادہ وقت تک جاری رکھا جا سکے۔
آئی سی سی نے ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں اننگز کے درمیان وقفے کا دورانیہ بھی بڑھا کر 15 منٹ کر دیا ہے۔
خواتین کی کرکٹ سے متعلق ایک اہم فیصلے میں ویمنز چیمپئنز ٹرافی 2027 کی ونڈو تبدیل کر دی گئی ہے۔ اب یہ ایونٹ جون اور جولائی کے بجائے 14 سے 28 فروری 2027 کے دوران منعقد ہوگا۔
مزید برآں، آئی سی سی ایمرجنگ نیشنز ٹرافی 2026 میں 10 ٹیمیں شریک ہوں گی، جن میں پانچ فل ممبر اور پانچ ایسوسی ایٹ ممالک کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔
بورڈ نے مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے 16 ٹیموں پر مشتمل نئے گلوبل کوالیفائر کے انعقاد کی بھی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد عالمی سطح پر زیادہ ٹیموں کو مواقع فراہم کرنا ہے۔
دوسری جانب سنگین انتظامی خلاف ورزیوں کے باعث کینیڈا کرکٹ بورڈ کی رکنیت معطل کر دی گئی ہے۔ تاہم، معطلی کے باوجود کینیڈا کی قومی ٹیم آئی سی سی کے بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کی اہل رہے گی۔
آئی سی سی کا دو رکنی وفد جلد بنگلا دیش کا دورہ کرے گا، جہاں وہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے انتخابی عمل سمیت مختلف امور کا جائزہ لے گا۔ اعلامیے کے مطابق وفد سری لنکا کا دورہ بھی مکمل کر چکا ہے، جہاں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ جاری پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بورڈ نے دنیا بھر میں تیزی سے بڑھتی فرنچائز کرکٹ پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو موجودہ نظام کے تحت بین الاقوامی کرکٹ کیلنڈر اور فرنچائز کرکٹ کے درمیان بہتر توازن پیدا کرنے کے امکانات کا جائزہ لے گی۔


















