
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کالعدم ٹی ٹی پی کا سیاسی ونگ بن چکی ہے، پی ٹی آئی رہنما خواتین کے خلاف بدکلامی کرتے ہیں مگر دہشتگردوں کے خلاف بولنے سے گریز کرتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی دہشتگردوں کو شہید قرار دیتے رہے، جس کی وجہ سے ملک کو شدید نقصان اٹھانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص کی انا کی وجہ سے پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہوا، تاہم موجودہ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے سے نکال کر ابھرتی معیشت کی راہ پر ڈال دیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 2025 پاکستان کے لیے عسکری برتری اور معاشی بحالی کا سال ثابت ہوا ہے اور آج دنیا پاکستان کی عزت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان نے دشمن کو تاریخی جواب دیا اور پہلی مرتبہ عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا کہ پاکستان نے بھارت کے سات طیارے مار گرائے۔
عطااللہ تارڑ نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے اقدامات کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں، اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی دیکھی جا رہی ہے جبکہ ترسیلات زر میں بھی نمایاں اضافہ ہو رہا ہے، جو ملکی معیشت پر اعتماد کا اظہار ہے۔


















