پنجاب حکومت نےپراپرٹی اونرشپ ایکٹ میں ترمیم پر رضامندی ظاہر کردی

پنجاب حکومت نےپراپرٹی اونرشپ ایکٹ میں ترمیم پر رضامندی ظاہر کردی

پنجاب حکومت نےپراپرٹی اونرشپ ایکٹ میں ترمیم پر رضامندی ظاہر کردی

ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے عدالتی اختیارات کی واپسی کے لیے پراپرٹی اونر شپ ایکٹ میں ترمیم پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے ایک قدم پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق مجوزہ نئی ترامیم میں ریٹائرڈ سیشن ججز پر مشتمل ٹربیونلز ختم کر کے حاضر سروس ایڈیشنل سیشن ججز کو بطور ٹربیونل مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ناجائز قبضے سے متعلق درخواستیں ضلعی کمیٹیوں کو بھجوانے کا اختیار سول جج کو دیا جائے گا، جبکہ ضلعی کمیٹیاں براہِ راست زیرِ التوا مقدمات پر فیصلہ نہیں کر سکیں گی۔

ذرائع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب پراپرٹی اونر شپ آرڈیننس کے خلاف دائر درجنوں درخواستوں کے بعد اس پر حکمِ امتناع جاری کیا تھا۔ اس صورتحال کے بعد پنجاب حکومت نے مسئلے کے حل کے لیے اعلیٰ سطحی قانونی کمیٹی قائم کی، جس نے عدلیہ اور وکلا کے اعتراضات کی روشنی میں قانون میں ضروری ترامیم تیار کر لی ہیں۔

پنجاب حکومت کے ایک اعلیٰ سطحی ذریعے کے مطابق مجوزہ ترامیم کے تحت پراپرٹی اونر شپ ایکٹ کے تحت دائر درخواستوں کی سماعت اور فیصلہ سول جج کرے گا۔ نئی ترمیم کے بعد وہ مقدمات جو پہلے ہی عدالتوں میں زیرِ سماعت ہیں اور جن میں ناجائز قبضے کا معاملہ شامل ہے، انہیں ضلعی کمیٹیوں کو بھجوانے یا نہ بھجوانے کا اختیار بھی سول جج کے پاس ہوگا۔ اس طرح درخواستیں براہِ راست انتظامی کمیٹیوں کو نہیں بھیجی جا سکیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے کنوینئر ضلعی کمیٹی کے ذریعے سول عدالت سے کیس کمیٹی کو منتقل کرنے کی درخواست کی جاتی تھی، تاہم نئی ترمیم کے تحت اب فریقین میں سے کوئی ایک سول عدالت میں کیس ضلعی کمیٹی کو بھجوانے کی درخواست دے سکے گا، جس پر فیصلہ سول جج کرے گا۔

اس کے علاوہ حکومت ٹربیونلز کے لیے حاضر سروس ایڈیشنل سیشن ججز کی خدمات حاصل کرے گی، جبکہ ریٹائرڈ سیشن ججز پر مشتمل ٹربیونلز کو ختم کر دیا جائے گا۔ نئی ترامیم کے مطابق ٹربیونل کے عبوری احکامات کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا حق بھی دیا جائے گا، جو پہلے قانون میں شامل نہیں تھا۔

ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطحی قانونی کمیٹی کی سربراہی ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز کر رہے ہیں، جبکہ سیکرٹری قانون پنجاب اور دیگر قانونی ماہرین بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔ مجوزہ ترامیم میں جوڈیشل ریویو کو شامل کر کے پنجاب حکومت نے اپنے سابقہ مؤقف سے پسپائی اختیار کر لی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی ترامیم کی تیاری کے دوران عدلیہ اور وکلا تنظیموں کو بھی اعتماد میں لیا جا رہا ہے، اور تمام فریقین کی منظوری کے بعد عدلیہ اور حکومت کے درمیان کشمکش کا تاثر ختم ہو جائے گا۔ ترمیمی مسودے کو جلد حتمی شکل دے کر پراپرٹی اونر شپ ایکٹ میں باقاعدہ ترامیم متعارف کرائی جائیں گی۔

Source link

Related News

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *