
ویب ڈیسک: امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ کی آئیوی لیگ براؤن یونیورسٹی میں امتحانات کے دوران فائرنگ کے واقعے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے۔
فائرنگ یونیورسٹی کی انجینئرنگ اور فزکس کی سات منزلہ عمارت میں اس وقت ہوئی جب طلبہ فائنل امتحانات دے رہے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق طلبہ خوف کے باعث طویل وقت تک کلاس رومز میں چھپے رہے، بعد ازاں پولیس نے عمارت کو کلیئر کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور سیاہ لباس میں ملبوس ایک شخص تھا جو فائرنگ کے بعد پیدل فرار ہو گیا۔ تاحال ملزم گرفتار نہیں ہو سکا اور بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔
تمام زخمیوں کو روڈ آئی لینڈ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں چھ زخمی نازک مگر مستحکم، ایک کی حالت تشویشناک اور ایک کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد یونیورسٹی اور اطراف کے علاقوں میں گھر کے اندر رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ ایف بی آئی، اے ٹی ایف اور یو ایس سیکرٹ سروس مقامی پولیس کے ساتھ تحقیقات میں مدد کر رہی ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو واقعے پر بریفنگ دی جا چکی ہے، جبکہ نائب صدر جے ڈی وینس نے متاثرین سے اظہارِ ہمدردی کیا ہے۔ واقعے نے ایک بار پھر امریکا میں تعلیمی اداروں کے تحفظ پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔


















