
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ بالخصوص پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی کی لہر جاری رہے گی۔
گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جس سے ان علاقوں کی سردی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں اسموگ اور دھند کی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، خیبر پختونخوا میں بارش کی پیشگوئی کے بعد صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ قدرتی آفات سے نمٹا جا سکے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ سب سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اسکردو میں منفی 7، زیارت میں منفی 6، اور گوپس میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گلگت اور کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 4، جبکہ چترال، دیر اور قلات میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


















