
لاہور : آج 5 دسمبر کو دنیا بھر میں رضا کاروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد ان بے لوث افراد کی خدمات کو تسلیم کرنا ہے جو قدرتی آفات، ناگہانی حالات، اور دیگر بحرانوں کے دوران انسانیت کی خدمت میں پیش پیش نظر آتے ہیں۔
ہر سال یہ دن دنیا بھر میں رضا کاروں کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے منایا جاتا ہے، تاکہ ان کی بے لوث قربانیوں اور محنت کا اعتراف کیا جا سکے۔ رضا کار وہ لوگ ہیں جو بلا معاوضہ اور بغیر کسی ذاتی مفاد کے دوسرے انسانوں کی مدد کرتے ہیں، خواہ وہ قدرتی آفات ہوں، انسانی بحران ہو، یا کوئی اور مشکل وقت، یہ افراد ہر لمحے انسانیت کی خدمت کے لیے موجود رہتے ہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں رضا کار نہ صرف کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے دوران فوراً میدان میں آ کر امدادی کارروائیاں کرتے ہیں، بلکہ یہ اپنے عمل سے رنگ و نسل، مذہب یا معاشرتی فرق سے ماوراء ہو کر انسانیت کی خدمت کرتے ہیں۔ ان کا نصب العین صرف اور صرف انسانیت کی فلاح ہے۔
یہ رضا کار وہ اصل ہیرو ہیں جو بغیر کسی لالچ یا معاوضے کے لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔ ان کی قربانیاں، خدمت اور انسانیت کا جذبہ معاشرے کو زیادہ محفوظ، مضبوط اور ہمدرد بناتا ہے۔


















