
ویب ڈیسک: ابوظہبی ایئرپورٹس نے اعلان کیا ہے کہ ایئرسیال نے لاہور اور اسلام آباد کے لیے اپنی براہِ راست پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔ اس پیشرفت سے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے سفر مزید آسان ہو جائے گا۔
ایئرسیال ابوظہبی کے زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے لاہور کے لیے ہفتہ وار 3 اور اسلام آباد کے لیے ہفتہ وار 4 پروازیں چلائے گی۔ یہ نیا فضائی راستہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان اقتصادی و سماجی روابط کو مزید مستحکم کرے گا۔
ابوظہبی ایئرپورٹس کی سی ای او، ایلینا سورلینی نے ایئرسیال کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروازیں تجارت، سیاحت اور پاکستانی خاندانوں کے روابط کو فروغ دیں گی۔ ایئرسیال کے چیئرمین فضل جیلانی نے اسے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا، جس سے پاکستانی کمیونٹی اور کاروباری طبقے کے لیے سہولت ملے گی۔
سیالکوٹ سے شروع ہونے والی ایئرسیال اب زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نیٹ ورک میں شامل ہو گئی ہے، جو اسے عالمی سطح پر نمایاں کرتا ہے۔


















