
(ویب ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے آج بھی پولی گرافک ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئی۔ بانی پی ٹی آئی نے آئین پاکستان کے آرٹیکل 13 کے تحت پولی گرافک ٹیسٹ کرنے سے انکار کردیا۔آرٹیکل 13 کے تحت کسی ملزم سے ایک ہی قسم کے الزام میں دو سے زائد مرتبہ تفتیش نہیں کی جاسکتی۔
لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم ڈی ایس پی آصف جاوید کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچیں تھی۔تفتیشی ٹیم میں انسپکٹر محمد اسلم، انسپکٹر محمد عالم اور انسپکٹر محمد ارحم شامل ہیں ۔پنجاب فارنزک یونٹ کے عابد ایوب بھی تفتیشی ٹیم میں شامل ہیں ۔
خیال رہے کہ تفتیشی ٹیم بانی پی ٹی آئی کا نو مئی کے کیسز میں پولی گراف، ٹیسٹ کرنے ائی تھی۔لاہور پولیس گزشتہ روز بھی بانی پی ٹی آئی کا پولی گرافک، فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کرنے آئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے تفتیشی ٹیم کو اپنا موقف تحریری شکل میں بھجوا دیا۔ عمران خان کاکہنا ہے کہ ٹیسٹوں کے ذریعے پراسیکوشن مجھے پھنسانا چاہتی ہے، میرے آٹھ مقدمات میں ضمانتیں عدالت عالیہ میں زیر سماعت ہیں۔
ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم نے نومئی کے لاہور میں درج 11 مقدمات کے حوالے سے تفتیش کرنی تھی۔


















