وزیراعظم شہباز شریف کی کسانوں کو آسان قرضوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف کی کسانوں کو آسان قرضوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت



وزیراعظم شہباز شریف کی کسانوں کو آسان قرضوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے زرعی شعبے کی بہتری کے لیے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کسانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو زرعی خودکفالت کی جانب گامزن کرنے کے لیے شعبۂ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ ملک کی معیشت کی فوری ترقی کے لیے زرعی شعبے کی وسیع استعداد کو بروئے کار لانا ناگزیر ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے زرخیز زمین، قابل ماہرین اور محنتی کسانوں جیسی نعمتوں سے نوازا ہے، جن سے مکمل فائدہ اٹھانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی پیداوار بڑھانے کے لیے زرعی تحقیق پر توجہ دینا ہوگی، اور ساتھ ہی پائیدار زرعی و صنعتی ترقی کے لیے طویل المدتی پالیسی ترتیب دینا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ زراعت کے ساتھ ساتھ جنگلات کے شعبے کو بھی فروغ دیا جا سکے جو ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ زرعی شعبے کی ترقی کے لیے صوبوں اور تمام فریقین سے مشاورت کے بعد مربوط حکمت عملی مرتب کی جائے۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے نیشنل ایگری انوویشن پلان طلب کر لیا ہے۔

شہباز شریف نے زرعی بیجوں کے نظام کی بہتری پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ بیجوں کی سرٹیفیکیشن کے عمل میں اصلاحات تیز کی جائیں اور اعلیٰ معیار کے بیجوں کے فروغ کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور ایک جامع ریگولیٹری فریم ورک زرعی ترقی کے لیے ضروری ہے۔

اجلاس میں زرعی اصلاحات پر کام کرنے والے ورکنگ گروپ نے اپنی تجاویز بھی پیش کیں، جبکہ اس موقع پر وفاقی وزراء اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے، جن میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، اور وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک شامل تھے۔





Source link

Related News

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *