
ویب ڈیسک: جاپان میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے والد کے انتقال کے بعد آخری رسومات کے اخراجات سے بچنے کے لیے لاش کو دو سال سے زائد عرصے تک الماری میں چھپا کر رکھا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، 56 سالہ نوبوہیکو سوزوکی، جو ٹوکیو میں ایک ریسٹورنٹ چلاتا ہے، اپنے 86 سالہ والد کی 2023 میں وفات کے بعد ان کی لاش کو الماری میں چھپا کر نہ صرف آخری رسومات سے بچنے کی کوشش کرتا رہا بلکہ والد کی پنشن بھی وصول کرتا رہا۔
یہ واقعہ حال ہی میں اس وقت منظر عام پر آیا جب سوزوکی نے ایک ہفتے تک اپنا ریسٹورنٹ بند رکھا، جس پر پڑوسیوں کو تشویش لاحق ہوئی اور انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے گھر کی تلاشی کے دوران الماری سے سوزوکی کے والد کی باقیات برآمد کرلیں۔
ابتدائی تفتیش میں سوزوکی نے پولیس کو بتایا کہ 2023 کے اوائل میں گھر لوٹنے پر اس نےاپنے والد کو مردہ حالت میں پایا تھا، لیکن شدید مالی مشکلات کے باعث وہ آخری رسومات کا خرچہ برداشت نہ کر سکا اور لاش کو چھپانے کا فیصلہ کیا۔
پولیس حکام کے مطابق، سوزوکی کے خلاف لاش چھپانے اور ممکنہ طور پر پنشن فراڈ کے الزامات کے تحت تحقیقات جاری ہیں۔
Source link


















