
ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایک نئے سفری پابندی کے حکم کے تحت افغانستان اور پاکستان کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر اگلے ہفتے سے پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔ اس فیصلے کی بنیاد حکومت کی جانب سے سکیورٹی اور ویزا جانچ کے خطرات کے جائزے پر رکھی گئی ہے۔
غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کابینہ سے سفری پابندیوں کے لیے ملکوں کے نام مانگ لیے، پاکستان اور افغانستان کا نام مکمل سفری پابندی کے لیے تجویز کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع نے خبر رساں ایجنسی ”رائٹرز“ سے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دیگر ممالک بھی اس فہرست میں شامل ہو سکتے ہیں، لیکن ان کے نام ابھی واضح نہیں ہیں۔
یہ نیا اقدام صدر ٹرمپ کی پہلی مدت کے دوران لگائی گئی پابندیوں کی یاد دلاتا ہے، جب انہوں نے سات مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں پر سفری پابندی عائد کی تھی, یہ پالیسی مختلف مراحل سے گزری اور بالآخر 2018 میں امریکی سپریم کورٹ نے اسے برقرار رکھا, بعد میں، ڈیموکریٹ صدر جو بائیڈن نے 2021 میں اس حکم کو منسوخ کر دیا اور اسے امریکا کے قومی ضمیر پر ایک بدنما داغ قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق، افغانستان کو ان ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جن پر مکمل سفری پابندی لگانے کی سفارش کی گئی ہے،یہ فیصلہ افغان مہاجرین اور خصوصی امیگرنٹ ویزا (SIV) ہولڈرز پر شدید اثر ڈال سکتا ہے۔
ہزاروں افغان شہری، جو امریکا کے لیے کام کرنے کی وجہ سے طالبان کے انتقام کے خطرے میں ہیں، اب اس سفری پابندی کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہو سکتے ہیں۔
ٹرمپ کی نئی امیگریشن پالیسی
صدر ٹرمپ کی ہدایت امیگریشن پر سخت پابندیوں کا حصہ ہے، جس کا انہوں نے اپنی دوسری مدت کے آغاز میں اعلان کیا تھا، اکتوبر 2023 کی ایک تقریر میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ غزہ، لیبیا، صومالیہ، شام، یمن اور دیگر ایسے ممالک کے شہریوں کی امریکا میں آمد کو محدود کریں گے، جہاں سے قومی سلامتی کو خطرہ ہو سکتا ہے۔


















