
ویب ڈیسک: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ دوسری ہائیکورٹ سے لانے کے خلاف اسلام آبادکے وکلاء میدان میں آ گئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نےمشترکہ اعلامیہ جاری کردیا۔ اعلامیہ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر یاست علی آزاد اور ڈسٹرکٹ بار کے صدر نعیم گجر کی جانب سے جاری کیاگیا۔
اسلام آبادمیں باہر کے ججز کی تعیناتی پر ملک گیر احتجاج کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ارباب اختیار کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے معزز ججز صاحبان کے علاوہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا چیف جسٹس کسی کو بھی تعینات نہ کیا جائے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز صاحبان میں سے ہی چیف جسٹس اسلام آباد تعینات کیا جائے۔
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق اگر ایسا نہیں کیا جاتا تو اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور اسلام آباد بار ایسوسی ایشن اس عمل کو عدلیہ کی آزادی اور خود مختاری پر حملہ تصور کرے گی۔ ملک گیر احتجاج کی کال دی جائے گی اور اسلام آباد میں آل پاکستان وکلاء کنویشن کا انعقاد کیا جائے گا اور ارباب اختیار کے خلاف با قاعدہ تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔
Source link


















