شانگلہ: ضلع شانگلہ میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہو گئے اور 2 دیگر زخمی ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے راکٹ لانچر سے گنانگر پولیس چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔
حملے میں شہید ہونے والوں میں اے ایس آئی حسن خان اور ہیڈ کانسٹیبل نثار خان شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والوں میں محرر سمیت 2 اہلکار شامل ہیں جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور فائرنگ سے شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اے ایس آئی حسن خان اور ہیڈ کانسٹیبل نثار خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہداء کے خاندانوں سے تعزیت کی۔
حکام نے دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے اور اس حملے کے بعد سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔