
ویب ڈیسک: واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک اہم اور طویل عرصے سے منتظر فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جس کے تحت صارفین اپنا اکاؤنٹ یا چیٹ ہسٹری ڈیلیٹ کیے بغیر ایپ سے سائن آؤٹ کر سکیں گے۔
واٹس ایپ اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق اینڈرائیڈ کے نئے بیٹا ورژن میں سائن آؤٹ فیچر شامل کیا گیا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین عارضی طور پر واٹس ایپ سے لاگ آؤٹ ہو سکیں گے اور بعد میں آسانی سے دوبارہ سائن اِن کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ میں اب تک روایتی لاگ آؤٹ کا آپشن موجود نہیں تھا، جس کے باعث صارفین کو ایپ چھوڑنے کے لیے اسے ڈیلیٹ کرکے دوبارہ انسٹال کرنا پڑتا تھا۔
نئے فیچر کے تحت سائن آؤٹ کے بعد چیٹ ہسٹری، اکاؤنٹ کی معلومات اور محفوظ ڈیٹا برقرار رہے گا، جس سے دوبارہ لاگ اِن کا عمل تیز اور آسان ہو جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق لاگ آؤٹ کا آپشن اکاؤنٹ سیٹنگز میں دستیاب ہوگا اور مختصر تصدیقی عمل مکمل کرنے کے بعد صارف ایپ سے سائن آؤٹ کر سکے گا، جبکہ اس کا ڈیٹا محفوظ رہے گا۔
فی الحال یہ فیچر بیٹا ورژن میں آزمائش کے مرحلے میں ہے اور اسے تمام صارفین کے لیے کب تک جاری کیا جائے گا، اس بارے میں ابھی کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔


















