
کیلیفورنیا: واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک اہم اور کافی عرصے سے متوقع فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ کے لیے واٹس ایپ کے تازہ ترین بیٹا ورژن میں “سائن آؤٹ” کا نیا آپشن شامل کیا گیا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین بغیر اپنی چیٹس، اکاؤنٹ یا محفوظ شدہ ڈیٹا کو حذف کیے ایپ سے لاگ آؤٹ کر سکیں گے۔
یہ تبدیلی واٹس ایپ میں ایک بڑی اپ ڈیٹ تصور کی جا رہی ہے، کیونکہ اس سے صارفین وقتی طور پر ایپ سے باہر نکل کر دوبارہ آسانی سے لاگ ان کر سکیں گے، بغیر ایپ کو دوبارہ انسٹال کیے یا مکمل سیٹ اپ کے مراحل سے گزرے۔
اس وقت واٹس ایپ میں باقاعدہ لاگ آؤٹ کا کوئی آپشن موجود نہیں ہے، جس کے باعث صارفین کو ایپ چھوڑنے کے لیے اسے ڈیلیٹ کرنا پڑتا ہے یا پھر مسلسل استعمال میں رکھنا پڑتا ہے۔
نئے فیچر کے تحت لاگ آؤٹ کے بعد بھی صارف کا چیٹ ریکارڈ، ڈیٹا اور اکاؤنٹ محفوظ رہے گا۔ یہ آپشن اکاؤنٹ سیٹنگز میں دستیاب ہوگا اور اس پر عمل کرنے سے پہلے ایک مختصر تصدیقی مرحلہ بھی مکمل کرنا ہوگا۔
تصدیق کے بعد صارف کا اکاؤنٹ ڈیوائس سے لاگ آؤٹ ہو جائے گا، تاہم تمام معلومات محفوظ رہیں گی، جس سے دوبارہ لاگ ان کرنا زیادہ آسان اور تیز ہو جائے گا۔
یہ فیچر فی الحال بیٹا ورژن میں موجود ہے، اس لیے اس کے تمام صارفین تک پہنچنے کا حتمی وقت ابھی واضح نہیں کیا گیا۔


















