
ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران جنگ ختم ہوتے ہی تیل اور گیس کی قیمتیں کم ہوجائیں گی۔
امریکی صدر نے کہا ہے کہ ایران معاہدے کے لیے بے چین ہے، ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا۔ ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی بحریہ اور فضائیہ میں کچھ نہیں بچا، ایران کی معیشت تباہ ہو چکی ہے، ہمارے خوبصورت بی 2 بمبار طیاروں نے ان کی ایٹمی تنصیبات کو تباہ کر دیا۔ گزشتہ جون کے حملوں نے ایران کی جوہری صلاحیت کو تباہ کردیا، ہم نہیں جانتے کہ ایران پر کس کی حکومت ہے، ایران جنگ ختم ہوتے ہی تیل اور گیس کی قیمتیں کم ہوجائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ 159 ایرانی جہاز سمندر کی تہہ میں ہیں، ایران نے 42 ہزار افراد کو قتل کیا، 8 خواتین کو پھانسی ہونے والی تھی، میں نے ان 8 خواتین کی جان بچائی۔
انہوں نے کہا کہ نیٹو ممالک نے ہماری مدد نہیں کی، جرمن چانسلر بری کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، ہو سکتا ہے جرمنی، اٹلی اور اسپین سے امریکی فوجیں واپس بلا لیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ میں نے 8 جنگیں روکیں، پاکستان اور بھارت کی جنگ بہت بڑی تھی، میں نے وہ بڑی جنگ بھی رکوائی۔


















