
راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں پاک افغان سرحد کے مختلف علاقوں میں دراندازی کی دو بڑی کوششیں ناکام بناتے ہوئے 13 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں۔ ضلع مہمند میں سرحد پار سے داخل ہونے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کے ایک گروہ کو بروقت نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 8 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں بھی دراندازی کی ایک اور کوشش ناکام بنائی گئی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں مزید 5 خوارج ہلاک ہوئے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ افغان حکومت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے اور اس حوالے سے ذمہ داریاں پوری کرے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پُرعزم ہیں جبکہ علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔


















