
کراچی / نیویارک: سکھ فار جسٹس کے سربراہ گرپتونت سنگھ پنوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی قیادت کو عالمی امن کا ضامن قرار دیتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔ کراچی پریس کلب میں امریکہ سے بذریعہ ویڈیو لنک پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اب ایک ‘گلوبل رائزنگ پاور’ بن چکا ہے۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے پاکستان کی عسکری قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے ’آپریشن بنیان مرصوص‘ میں بھارت کو ایسی شکست دی جو تاریخ میں یاد رکھی جائے گی۔ اس کامیابی نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتیں ناقابلِ تسخیر ہیں اور دنیا نے اس کی طاقت کا اعتراف کیا ہے۔
سکھ رہنما کا کہنا تھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دنیا بھر میں امن کے لیے ایک انتہائی توانا آواز کے طور پر اپنا لوہا منوایا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خود بھی متعدد بار فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خدمات اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کر چکے ہیں۔
“چالیسویں خالصتان ڈیکلریشن ڈے” کے موقع پر پنوں نے بھارت بھر میں ریفرنڈم کے لیے ووٹر رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ دہلی، ہماچل پردیش اور ہریانہ کے گوردواروں سے رجسٹریشن کا مرحلہ وار آغاز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک 18 لاکھ سے زائد سکھ ووٹ ڈال چکے ہیں اور ہم دہلی کے لال قلعہ پر خالصتان کا پرچم لہرانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ضرورت پڑی تو تحریک کے لیے دوبارہ بندوق بھی اٹھائیں گے۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے 1947 میں سکھوں کے بھارت کے ساتھ جانے کے فیصلے کو تاریخی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ خالصتان کے حامی ہمیشہ پاکستان کے شانہ بشانہ رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا اگر مستقبل میں بھارت نے پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کی، تو سکھ برادری پاکستانی فوج کے ساتھ مل کر بھارت کا مقابلہ کرے گی۔
سکھ فار جسٹس کے رہنما نے واضح کیا کہ خالصتان تحریک اب ایک عالمی تحریک بن چکی ہے اور وہ ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے دفاع اور خطے کے امن کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے وژن کی حمایت جاری رکھیں گے۔


















