
(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت کی جانب سے دہشت گردی کے خطرات اور امنِ عامہ کو لاحق خدشات کے پیشِ نظر صوبے بھر میں 7 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔
اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 7 روز کے لیے صوبے بھر میں جلسے، جلوس اور اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد رہے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں چار یا اس سے زائد افراد کے عوامی اجتماع پر پابندی ہوگی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار دورانِ ڈیوٹی ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شادی بیاہ، جنازوں اور تدفین کے اجتماعات، سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر کے اجلاس اور عدالتی کارروائیاں بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں عوامی مقامات پر اسلحہ کی نمائش اور استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔


















