
ویب ڈیسک: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد سری لنکا کے ہیڈ کوچ سنتھ جے سوریا نے عہدہ چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے قیادت کے مستقبل سے متعلق فیصلہ مؤخر کر دیا ہے۔
مشترکہ میزبان سری لنکا سپر ایٹ مرحلے تک پہنچا، مگر گروپ ٹو میں اپنے تینوں میچ ہار کر آخری نمبر پر رہا۔ پاکستان کے خلاف سنسنی خیز شکست کے بعد جے سوریا نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ذمہ داری کسی اور کو سونپی جائے۔ ان کے مطابق وہ دو ماہ قبل ہی مستعفی ہونے کا فیصلہ کر چکے تھے اور جلد سری لنکا کرکٹ حکام سے باضابطہ بات کریں گے۔
دوسری جانب پاکستان بھی ٹورنامنٹ میں توقعات پر پورا نہ اتر سکا۔ بھارت سے بھاری شکست اور دیگر میچوں میں مڈل آرڈر کی ناکامی ٹیم کے اخراج کا سبب بنی، جبکہ اسپن ساز وکٹوں پر سلو بولرز بھی مؤثر ثابت نہ ہو سکے۔
سلمان علی آغا نے اعتراف کیا کہ ٹیم دباؤ کے لمحات میں درست فیصلے نہ کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن خراب کارکردگی کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ قیادت چھوڑنے کا فوری فیصلہ جذباتی ہوگا، اس لیے وطن واپسی کے بعد مشاورت سے حتمی اعلان کیا جائے گا۔


















