
ویب ڈیسک: ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8 مرحلے کے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 رنز سے شکست دی، لیکن پھر بھی ورلڈ کپ سے باہر ہو گیا۔
کینڈی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی طرف سے دیے گئے 213 رنز کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز ہی بنا سکی۔ کپتان دسن شناکا نے 31 گیندوں پر 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 2 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ پون رتنائیکے نے 58 رنز بنائے، جب کہ کمل مشرا 28 اور چرتھ اسالنکا نے 25 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کے لیے ابرار احمد نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد نواز، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔ شاداب خان نے دو اوورز میں 33 رنز دیے، عثمان طارق نے 43 رنز کھائے۔
پاکستان کی ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنائے۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 60 گیندوں پر سنچری بنائی، جس میں 9 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ فخر زمان نے 42 گیندوں پر 84 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
سری لنکا کی جانب سے دلشان مدوشنکا نے 33 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، داسن شناکا نے 2 اور دشمنتھا چمیرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 176 رنز پر گری، جس کے بعد بیٹر یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے گئے۔


















