
ویب ڈیسک: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک 1447 ہجری کے پہلے روز ملک بھر کے تمام سرکاری و نجی بینک عوامی لین دین کے لیے بند رہیں گے۔ یہ تعطیل سالانہ زکوٰۃ کٹوتی کے باعث ہوگی۔
مرکزی بینک کے جاری کردہ بیان کے مطابق یکم رمضان کو قابلِ اطلاق اکاؤنٹس سے لازمی زکوٰۃ کٹوتی کی جائے گی، جس کے پیش نظر عوام کے ساتھ بینکاری لین دین معطل رہے گا۔ یہ فیصلہ تمام کمرشل بینکوں، ترقیاتی مالیاتی اداروں اور مائیکرو فنانس بینکوں پر لاگو ہوگا۔
ترجمان اسٹیٹ بینک نے واضح کیا کہ متعلقہ اداروں کا عملہ معمول کے مطابق دفاتر آئے گا، تاہم صرف عوامی خدمات اور کاؤنٹر سروسز بند رہیں گی۔
دوسری جانب رمضان المبارک کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی Ruet-e-Hilal Committeeکا اجلاس بدھ کو پشاور میں طلب کیا گیا ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں زونل کمیٹیاں بھی اجلاس منعقد کر کے موصولہ شہادتیں مرکزی کمیٹی کو ارسال کریں گی۔
چاند نظر آنے یا نہ آنے سے متعلق حتمی اعلان چیئرمین رویت ہلال کمیٹی باقاعدہ مشاورت کے بعد کریں گے۔


















