
کیلیفورنیا : ایپل کی جانب سے آئی فون 18 پرو اور 18 پرو میکس میں ایک نیا اور حیرت انگیز فیچر متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ دی انفارمیشن کی ایک رپورٹ کے مطابق، ایپل نئے پرو ماڈلز میں سیٹلائیٹ کے ذریعے ڈائریکٹ ٹو کال کنیکٹیویٹی کا فیچر شامل کرنے پر کام کر رہا ہے۔
اس فیچر کے لیے ایپل اسپیس ایکس سے مذاکرات کر رہا ہے تاکہ اسٹار لنک سیٹلائیٹ نیٹ ورک کو اس سروس کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ اس وقت، آئی فونز میں ایمرجنسی سروسز کے تحت سیٹلائیٹ میسجنگ کی سہولت دستیاب ہے، جس کا مقصد ایسے مقامات پر لوگوں کی مدد کرنا ہے جہاں سیلولر یا انٹرنیٹ سروسز دستیاب نہیں ہوتی۔
ایپل کی یہ سروس فی الحال گلوبل اسٹار کمپنی کے سیٹلائیٹس کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہے، مگر رپورٹ کے مطابق یہ شراکت داری جلد ختم ہو سکتی ہے، جس کی وجہ سے ایپل نے اسپیس ایکس کے ساتھ مذاکرات شروع کیے ہیں تاکہ مستقبل میں آئی فون 18 پرو ماڈلز کے صارفین کو سیٹلائیٹ کے ذریعے کالنگ کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
اس فیچر کے لیے کسی اضافی ہارڈ ویئر کی ضرورت نہیں ہوگی، اور ایپل اپنے موجودہ سیٹلائیٹ میسجنگ سسٹم کو اپگریڈ کرنے پر کام کر رہا ہے۔
ایپل کی جانب سے اس فیچر کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک اے پی آئی پر بھی کام جاری ہے، جس کی مدد سے ایپ ڈویلپرز اپنی ایپس میں سیٹلائیٹ کنکشن سپورٹ شامل کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ، ایپل میپس پر بھی کام کیا جا رہا ہے جو بغیر سیلولر یا وائی فائی کنکشن کے نیویگیشن فراہم کرے گا۔
ایپل کی جانب سے سیٹلائیٹ میسجز میں فوٹوز کی سپورٹ شامل کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صارفین اپنے فون کا رخ آسمان کی جانب نہ ہونے کے باوجود سیٹلائیٹ سے کنیکٹ ہو سکیں گے۔اگرچہ ایپل نے اس فیچر کی تفصیلات پر کوئی بیان نہیں دیا، لیکن یہ فیچر ستمبر 2026 میں آئی فون 18 سیریز کے متعارف ہونے کے بعد ہی حقیقت بنے گا۔


















