انڈین پریمیئر لیگ( آئی پی ایل) میں رائل چیلنجرز بنگلورو کے بیٹر ویرات کوہلی کو امپائر سے بحث کرنا مہنگا پڑگیا، جس پر انہیں بھاری جرمانہ کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق رائل چیلنجرز بنگلورو کے بیٹر ویرات کوہلی پر اتوار کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف آئی پی ایل میچ کے دوران امپائر سے بحث کرنے کے بعد ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔
میچ ریفری کے مطابق کوہلی آئی پی ایل کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.8 کے تحت لیول 1کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔
ویرات کوہلی نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری کا فیصلہ قبول کرلیا۔
معاملہ کیا ہے؟
گزشتہ روز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف میچ میں رائل چیلنجرز بنگلورو کی نمائندگی کرنے والے ویرات کوہلی شاندار فارم میں دکھائی دیے۔
کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جانب سے دیے گئے 222 رنز ہدف کے تعاقب میں ویرات کوہلی نے صرف 7 گیندوں پر 18 رنز بنائے تاہم تیسرے اوور میں ہرشیت رانا کی گیند پر ویرات کوہلی کیچ آؤٹ ہوگئے۔
کوہلی کا خیال تھا کہ یہ گیند ان کی کمر سے اوپر ہونے کی وجہ سے نوبال ہے اس لیے انہوں نے نوبال کے لیے ری ویو لیا تاہم تھرڈ امپائر نے بال کو درست قرار دیتے ہوئے انہیں آؤٹ قرار دیا کیوں کہ وہ گیند کھیلتے وقت کریز سے باہر موجود تھے اس لیے یہ قانون کے مطابق نوبال قرار نہیں دی جاسکتی۔
ویرات کوہلی تھرڈ امپائر کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد شروع میں تو جانے لگے لیکن پھر امپائروں سے بحث کرنے دوبارہ واپس آگئے، وہ پویلین کی طرف واپس جاتے ہوئے بھی انتہائی غصے میں نظر آئے اور اپنے بلے کو زمین پر پٹختے رہے۔
واضح رہے کہ اس میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے رائل چیلنجرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوور میں ایک رن سے شکست دی تھی۔