
لاہور: بین الاقوامی جریدے دی ڈپلومیٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کی مضبوط سفارتی پالیسی اور بڑھتا ہوا عالمی کردار قابل تعریف ہے، جس کی وجہ سے پاکستان خطے میں مرکز نگاہ بن چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان نے بیک وقت امریکہ کے ساتھ تعمیری تعلقات اور چین کے ساتھ اسٹریٹجک روابط کو متوازن انداز میں برقرار رکھا ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور مؤثر ریاست ہے۔ چین نے پاکستان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور مؤثر سفارتکاری کو خصوصی طور پر سراہا ہے۔
دی ڈپلومیٹ کے مطابق چین پاکستان کو اقتصادی طور پر مضبوط اور عالمی و خطے کے امور میں اہم کردار ادا کرنے والا ملک قرار دیتا ہے، اور اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی رکنیت اور شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن (SCO) کی صدارت کے لیے موزوں سمجھتا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان نے چین کے ساتھ متعدد شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری کو بھی مضبوط کیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ چین نے کشمیر کے مسئلے کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے اور افغان حکومت کے اعتدال پسندی اور پڑوسیوں کے ساتھ بہتر تعلقات رکھنے پر بھی زور دیا ہے۔
جریدے کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کی متوازن اور مؤثر سفارتی پالیسی اسے عالمی سطح پر ذمہ دار اور اثر و رسوخ رکھنے والا ملک ثابت کر رہی ہے، جسے نہ صرف خطے بلکہ عالمی اداروں میں بھی اہم کردار کے لیے سراہا جا رہا ہے۔


















