
(ویب ڈیسک ) لیجنڈی فٹبالر اورریال میڈرڈ کے سابق دفاعی ستون روبرٹو کارلوس کو طبیعت خراب ہونے کے باعث اسپتال داخل کرادیا گیا۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ 52 سالہ روبرٹو کارلوس ان دنوں برازیل میں چھٹیاں گزار رہے تھے ، معمول کے طبی معائنے کے دوران ان کی صحت سے متعلق تشویش ناک علامات سامنے آئیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وہ ٹانگ میں خون کے ایک معمولی لوتھڑے کی جانچ کے لیے اسپتال گئے تھے لیکن مزید تفصیلی ٹیسٹ اور ایم آر آئی اسکین کے بعد ڈاکٹروں نے دل کی کارکردگی میں خرابی کی نشاندہی کی۔
ڈاکٹروں کے مشورے پر فوری طور پر کامیاب سرجری کی گئی۔ روبرٹو کارلوس کی حالت خطرے سے باہر ہیں۔لیکن احتیاطی تدابیر کے تحت انہیں مزید 2 دن اسپتال میں رہنا ہوگا۔
خیال رہے کہ روبرٹو کارلوس نے برازیل کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 125 بین الاقوامی میچز میں حصہ لیا، جبکہ 1998 اور 2002 کے ورلڈ کپ فائنلز میں ٹیم کا حصہ تھے۔
ان کا شمارفٹبال کی تاریخ کے جارح مزاج لیفٹ بیکس میں ہوتا ہے۔ جنھوں نے اپنی تیز رفتاری، شاندار فری ککس اور یادگار گولز سے دنیا بھر کے شائقین کو حیرانی میں مبتلا کیا ہوا ہے۔


















