
کیلیفورنیا : 2025 میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) امیج جنریشن ماڈلز نے نمایاں ترقی کی، اور گوگل کا نانو بنانا ماڈل خاص طور پر بہت مقبول ہوا۔ اسی کامیابی کو دیکھتے ہوئے، چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی اوپن اے آئی نے اپنا نیا اے آئی امیج ماڈل “جی پی ٹی امیج 1.5” متعارف کرایا ہے۔
اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ یہ نیا ماڈل صارف کی ہدایات کو زیادہ بہتر طریقے سے سمجھ کر زیادہ تفصیل کے ساتھ تصاویر تخلیق کرتا ہے۔ جی پی ٹی امیج 1.5 کا استعمال چیٹ جی پی ٹی کے تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا اور اسے سائیڈ بار میں “چیٹ جی پی ٹی فار امیجز” کے ذریعے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس ماڈل میں صارفین کو پری سیٹ اسٹائلز اور ٹرینڈنگ ڈیزائنز کی سہولت بھی ملے گی، جس سے امیج جنریشن کا تجربہ مزید بہتر اور دلچسپ ہوگا۔ اوپن اے آئی نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ بیشتر افراد چیٹ جی پی ٹی کو تحریری پروموٹس کو تصاویر میں تبدیل کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں، لیکن چیٹ انٹرفیس صرف تحریری مواد کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، اور امیج جنریشن ایک علیحدہ نوعیت کا ٹاسک ہے جس کے لیے ایک مخصوص اسپیس کی ضرورت ہے۔
کمپنی نے اس نئے ماڈل کی کارکردگی کے حوالے سے بھی دعویٰ کیا کہ یہ پچھلے ماڈلز کے مقابلے میں چار گنا زیادہ تیز ہے اور ہدایات پر زیادہ بہتر طریقے سے عمل کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، یہ نیا ماڈل اے آئی امیجز میں ٹیکسٹ کو بھی بہتر طور پر شامل کر سکتا ہے، جس میں پچھلے ماڈلز کی کمی تھی۔
یہ ماڈل نہ صرف امیجز کی تخلیق میں مدد فراہم کرتا ہے بلکہ ان کی ایڈیٹنگ اور درستگی کے حوالے سے بھی نمایاں بہتری پیش کرتا ہے۔


















