
لاہور: ڈی ایس پی عثمان حیدر کی بیوی اور بیٹی کے اغوا کا معاملہ ایک چونکا دینے والے موڑ پر پہنچ گیا، جب پولیس نے ملزم ڈی ایس پی کو گرفتار کرلیا۔ ابتدائی طور پر عثمان حیدر نے اپنی بیوی اور بیٹی کے اغوا کی ایف آئی آر تھانہ برکی میں درج کرائی تھی، تاہم تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ یہ دونوں خواتین عثمان حیدر کے ہاتھوں قتل ہو چکی تھیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق، ملزم عثمان حیدر نے اپنے اعترافی بیان میں کہا کہ اس نے اپنی بیوی اور بیٹی کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ اس کے بعد اپنی کارروائی کو چھپانے کے لیے دونوں کے اغوا کا جھوٹا مقدمہ درج کرایا۔ پولیس نے مقتولہ بیٹی کی لاش کاہنہ اور بیوی کی لاش شیخوپورہ سے برآمد کرلی ہیں۔
ڈی ایس پی عثمان حیدر نے اپنے اعتراف میں بتایا کہ گھر کے اندر بڑھتی ہوئی ناچاقی اور ذاتی وجوہات کی بنا پر اس نے یہ سنگین قدم اٹھایا۔ پولیس کے مطابق عثمان حیدر نے دو شادیاں کر رکھی تھیں، اور مقتولہ اس کی پہلی بیوی تھی۔ دوسری شادی کے بعد گھریلو مسائل اور جھگڑے شدت اختیار کر گئے تھے، جس کے باعث ملزم نے انتہائی قدم اٹھایا۔


















