لاہور: پیرس اولمپکس 2024 کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا ہے کہ وہ اولمپکس کا ریکارڈ تو قائم کر چکے ہیں، لیکن اب ان کا مقصد ورلڈ ریکارڈ حاصل کرنا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ انہوں نے چار ماہ کے وقفے کے بعد ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے اور اس وقت ان کی توجہ فٹنس پر مرکوز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “جلد ہی بھرپور پریکٹس شروع کر دوں گا تاکہ آئندہ سال ہونے والے اہم ایونٹس کے لیے تیاری مکمل ہو سکے۔”
ارشد ندیم نے اپنے آئندہ اہداف کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ 2025 میں ایشین ایتھلیٹکس، ڈائمنڈ لیگز اور ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ جیسے بڑے ایونٹس میں حصہ لے کر کامیابیاں حاصل کرنا ان کا مقصد ہے۔
ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ نے بتایا کہ “ارشد کی کنڈیشننگ سیشنز جاری ہیں، جس میں ان کے مسلز کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی پرفارمنس بہتر کرنے کی کوشش جا رہی ہے۔”
ارشد ندیم کی بھرپور محنت اور عزم کے ساتھ عالمی سطح پر اپنے کھیل کو مزید بہتر بنانے کی کوششوں سے یہ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ مستقبل میں ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔