() ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی امریکا اور بھارت سے شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کے سپر 8 مرحلے میں پہنچنے کے امکانات انتہائی کم ہیں لیکن ناممکن نہیں ، قومی ٹیم کو اپنے دونوں میچز جیتنا ہونگے اور دیگر ٹیموں کے نتائج کا بھی انتظار کرنا ہوگا۔
گزشتہ روز نیویارک کے نساؤکاونٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی تھی۔اس سے قبل بھی پاکستان امریکا سے اپنا پہلا میچ ہار چکا ہے۔
انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں پاکستان کی نووارد ٹیموں کے ہاتھوں شکست کی بھی طویل تاریخ ہے۔ 1999 کے 50 اوورز ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش، 2007 کے ورلڈ کپ میں آئرلینڈ سے قومی ٹیم ہار گئی تھی اور اب کی بار امریکا سے ہار کر قومی ٹیم نے اپنی روایت کو ایک بار پھر زندہ کردیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مسلسل دو شکست کے بعد قومی ٹیم کا سپر 8 مرحلے میں پہنچنا مشکل ہوگیا ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر گروپ اے میں بھارت 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، امریکا4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور کینیڈا 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
پاکستان صفر پوائنٹس اور منفی 0.150 کے رن ریٹ کے ساتھ چوتھے جبکہ آئرلینڈ صفر پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
اب پاکستان کے اگلے دو میچز کینیڈا اور آئر لینڈ کے ساتھ ہیں پاکستان کو دونوں میچز بڑے مارجن سے جیتنا ہونگے۔اگر پاکستانی ٹیم دو میچ جیت جاتی ہے اورامریکا کے دونوں میچز ہارنا ہونگے۔اگر امریکا دو میں سے ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب رہا تو پاکستان کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہوجائے گا۔
خیال رہے کہ قومی ٹیم 11 جون کو کینیڈا اور 16 جون کو آئرلینڈ کے مدمقابل ہوگی۔