
لاہور : پاکستان نے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا کو 111 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں کلین سویپ مکمل کر لیا۔ پاکستان کے 208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 17ویں اوور میں محض 96 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے۔
اوپنر صائم ایوب نے 37 گیندوں پر 56 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ بابر اعظم نے 36 گیندوں پر 50 رنز بنا کر اننگز کو استحکام دیا اور ناٹ آؤٹ رہے۔مڈل آرڈر میں شاداب خان نے صرف 19 گیندوں پر 46 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر مجموعہ 200 کے پار پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
خواجہ نافع نے 21، فخر زمان نے 10 اور فہیم اشرف نے اختتامی لمحات میں 10 رنز جوڑے۔208 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تلے آسٹریلوی بلے باز دب کر رہ گئے۔ پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے باعث مہمان ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی ٹک کر نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 100 رنز کا ہندسہ عبور کرنے سے پہلے ہی پویلین لوٹ گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے بین دوارشوئس 2 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔
اس سے قبل کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ٹیم میں شاہین آفریدی، فخر زمان اور خواجہ نافع کی واپسی ہوئی۔ کپتان نے میچ سے قبل ہی وائٹ واش کا ارادہ ظاہر کیا تھا جسے ٹیم نے شاندار کارکردگی سے حقیقت میں بدل دیا۔
پاکستان نے اس سیریز میں مکمل برتری برقرار رکھی۔ پہلے میچ میں 22 رنز اور دوسرے میں 90 رنز سے کامیابی کے بعد، تیسرے میچ میں 111 رنز کی سب سے بڑی فتح نے آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی اس کامیابی کو یادگار بنا دیا ہے۔


















