
لاہور: پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 207 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ کھڑا کر دیا ہے۔ یہ آسٹریلیا کے خلاف مختصر فارمیٹ میں پاکستان کا اب تک کا سب سے بڑا سکور ہے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس میچ میں پاکستانی بلے بازوں نے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ اوپنر صائم ایوب اور اسٹار بلے باز بابر اعظم نے نصف سنچریاں اسکور کر کے ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی، صائم ایوب: 50 رنز، بابر اعظم: 50 رنز، شاداب خان: 46 رنز (ناٹ آؤٹ) کی برق رفتار اننگز کھیل کر مجموعہ 200 کے پار پہنچایا۔
دیگر کھلاڑیوں میں خواجہ نافع نے 21، فخر زمان نے 10 اور کپتان سلمان علی آغا نے 5 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے بین وارشوس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا نے بتایا کہ ٹیم میں تین اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی اور نوجوان بلے باز خواجہ نافع کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بڑا ہدف دینے کے بعد بولرز اس کا کامیابی سے دفاع کریں گے۔
پاکستان کو تین میچوں کی اس سیریز میں پہلے ہی 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ اگر پاکستانی بولرز اس 208 رنز کے ہدف کا دفاع کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو پاکستان، آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف کلین سویپ (وائٹ واش) کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔


















