
کراچی : سال 2025 کا آخری سپر مون آج (4 دسمبر) کو ہوگا، اور یہ پاکستان بھر میں صاف طور پر دیکھا جا سکے گا۔
سپارکو کے مطابق، سپر مون اُس وقت بنتا ہے جب چاند اپنی بیضوی مدار میں زمین کے قریب ترین مقام پر پہنچے اور اس دوران مکمل طور پر روشن بھی ہو۔ چاند کی زمین کے قریب آنے کی وجہ سے یہ عام دنوں کی نسبت بڑا اور زیادہ روشن نظر آتا ہے۔
سپارکو کے اعلامیے کے مطابق، 4 دسمبر کی شام 4 بج کر 58 منٹ پر سپر مون 99.2 فیصد روشن حالت میں طلوع ہوگا، اور 5 دسمبر کی صبح 4 بج کر 15 منٹ پر اپنے عروج پر پہنچے گا، اس وقت چاند کی روشنائی 99.8 فیصد تک ہوگی۔
چاند کا زمین سے فاصلہ تقریباً 357,218 کلومیٹر ہوگا، جس کی وجہ سے یہ عام مکمل چاند سے 7.9 فیصد بڑا اور 15 فیصد زیادہ روشن نظر آئے گا۔
سپارکو نے فلکیات کے شائقین کو اطلاع دی ہے کہ وہ پاکستان بھر میں 4 اور 5 دسمبر کی رات بھر اس شاندار منظر کا لطف اٹھا سکتے ہیں۔ یہ ایک خوبصورت موقع ہے، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو چاند کے حوالے سے دلچسپی رکھتے ہیں۔


















