
ویب ڈیسک: ہالی ووڈ کے مشہور ولن اور فلم دی ماسک اور پلپ فکشن میں یادگار منفی کردار نبھانے والے اداکار پیٹر گرین 60 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ اپنے گھر میں مردہ پائے گئے۔
ان کے منیجر گریگ ایڈورڈز نے موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فلمی دنیا ایک منفرد اور بے خوف اداکار سے محروم ہو گئی ہے۔
پولیس کے مطابق پیٹر گرین کو کلنٹن اسٹریٹ میں واقع اپارٹمنٹ میں زمین پر گرا ہوا پایا گیا، جہاں طبی عملے نے ان کی موت کی تصدیق کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر کسی مشتبہ کارروائی کے شواہد نہیں ملے، تاہم موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آئے گی۔
پیٹر گرین نے 1990 کی دہائی میں ہالی ووڈ میں اپنی منفرد شناخت بنائی۔ فلم دی ماسک میں بے رحم گینگسٹر ڈوریان ٹائریل اور پلپ فکشن میں ان کا مختصر مگر طاقتور کردار آج بھی ناظرین کو یاد ہے۔
انہوں نے دی یوزول سسپیکٹس، ٹریننگ ڈے، بلو اسٹیریک سمیت درجنوں فلموں اور ٹی وی منصوبوں میں کام کیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق وہ حالیہ برسوں میں اسپاٹ لائٹ سے دور تنہا زندگی گزار رہے تھے۔


















