
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کےلیے تمام تیاریاں مکمل ہیں، ٹرافی کیلئے تمام ٹیموں کو ویلکم کریں گے، ہم سب کا مقصد ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانا ہے، سلیکشن کمیٹی سے ابھی ملاقات ہوئی ہے، چیمپئنز ٹرافی کیلئے اسکواڈ کا اعلان آج کر دیا جائے گا، سرحد پار ایسے لوگ ہیں ایک پتھر بھی لگے تو تنقید کرتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف قذافی اسٹیڈیم کا 7 فروری کو افتتاح کریں گے، جبکہ صدر مملکت آصف زرداری 11فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا افتتاح 11فروری کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لئے ٹیموں کے ساتھ بورڈ حکام کو بھی پاکستان آنے کی دعوت دی ہے، اسی طرح آئی سی سی آفیشلز کو بھی مدعو کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صائم ایوب کو ٹھیک ہونے میں کم سے کم 3 سے4 ہفتے لگیں گے، اوپنر بلے باز کی صحت اب بہتر ہے، ہم ڈاکٹروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تماشائیوں کی گنجائش بھی بڑھ گئی ہے، اسٹیڈیم میں لگائی گئی سیٹیں دوست ملک چین سے منگوائی ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا ہے کہ اسٹیڈیمزکے کام بروقت مکمل ہونے سے بہت سے لوگوں کے خواب ٹوٹے ہیں، اسٹیڈیم کے ورکرز8 فروری کو لاہور میں میچ دیکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کی پوری ٹیم ایونٹ کی تیاریوں میں مصروف ہے، چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب 16فروری کوہوگی، ہم نے آئی سی سی کے تمام آفیشلز کو بھی مدعو کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ خود مختارہے، حکومت سے کسی قسم کے پیسے نہیں لیتا، آئی سی سی کے تمام پاسز فروخت کر رہے ہیں تاکہ ریونیو بڑھ سکے، اسٹیڈیم کی بہتری کے لیے جو خرچہ ہوا ہے، اسے بھی پورا کرنا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ آج کسی بھی وقت چیمپئنز ٹرافی کےلیے قومی ٹیم کا اعلان ہو جائے گا، قومی ٹیم کا مورال بلند ہے، انشااللہ نتائج بھی اچھے ہوں گے۔


















