
اسلام آباد : آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اہم فیصلے کا انتظار جاری ہے، تاہم آئی سی سی کا اجلاس کل تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد پر اہم فیصلہ متوقع تھا، لیکن اب تک اس پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس موقع پر اپنا دو ٹوک موقف پیش کیا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے آئی سی سی حکام سے رابطہ کر کے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کو بھارت میں کرکٹ کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں، لیکن بھارت کا پاکستان آ کر کھیلنا ضروری ہے۔
پی سی بی کا موقف ہے کہ پاکستان بار بار بھارت میں کرکٹ کھیلنے نہیں جا سکتا جب کہ بھارت پاکستان نہیں آ رہا۔ پی سی بی نے آئی سی سی سے درخواست کی ہے کہ ایک ایسا قابل قبول فارمولہ تیار کیا جائے جس سے تمام ممبران کی شرکت یقینی ہو سکے اور چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد میں کسی قسم کی مشکلات پیش نہ آئیں۔
آئی سی سی کا اجلاس دوبارہ کل ہو گا جس میں اس معاملے پر حتمی فیصلہ متوقع ہے۔


















