
نیویارک:چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی سی بی اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی انتظامیہ مشترکہ طور پر کرکٹ کے معیار کو بلند کرنے اور نوجوان ٹیلنٹ کو مواقع فراہم کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ لیگ میں سرمایہ کاری کرنے والے خاطرخواہ فائدہ حاصل کرتے ہیں اور کھلاڑیوں کو دی جانے والی انعامی رقم ان کی حوصلہ افزائی میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا بہترین پلیٹ فارم ہے اور پی سی بی کا مقصد لیگ کو دنیا کی نمبر ون کرکٹ لیگ بنانا ہے۔ ۲ نئی ٹیموں کی بڈنگ کے لیے ۲۲ دسمبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے، جو پہلے ۱۵ دسمبر طے تھی۔
سابق کرکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل کی کامیابی میں تمام سٹیک ہولڈرز کی محنت شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیگ میں مقامی ٹیلنٹ کو بھرپور مواقع دیے جا رہے ہیں اور شائقین کرکٹ کے لیے یہ بہترین تفریح فراہم کر رہی ہے۔ وسیم اکرم نے نوجوان کھلاڑی صائم ایوب کی کارکردگی کی بھی تعریف کی۔
سابق کپتان اور تجزیہ کار رمیز راجہ نے کہا کہ پی ایس ایل نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک بہترین ماڈل ہے، جہاں وہ سپرسٹارز کے ساتھ کھیل کر اپنی صلاحیتیں اور ٹیمپرامنٹ بہتر بناتے ہیں۔
سلمان علی آغا، سعود شکیل اور شان مسعود نے بھی کہا کہ لیگ نے انہیں بین الاقوامی کرکٹ کے لیے تیار ہونے اور غیر ملکی کھلاڑیوں و کوچز کے ساتھ کھیل کر تجربہ حاصل کرنے میں مدد دی ہے۔
پی ایس ایل کا آغاز لاہور قلندرز سے ہوا اور تب سے یہ لیگ نوجوان ٹیلنٹ کو ابھرنے، شائقین کرکٹ کو تفریح فراہم کرنے اور پاکستان کی کرکٹ کو عالمی سطح پر مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔


















