
لاہور : جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لاہور میں ہونے والے ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے بھارت اور اسرائیل کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ “اگر بھارت کو پہلگام پر افسوس ہے تو ہمیں بھی ہے، کیونکہ مودی اسرائیل کا حامی ہے اور اس کے ساتھ کھڑا ہے۔”
مولانا فضل الرحمان نے بھارت کے پاکستان پر بزدلانہ حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ “پاکستان کی تاریخ میں نہتے لاہور کے شہریوں نے بھارتی افواج کو ڈنڈے مار کر بھگایا تھا، اور اس بار بھی مودی کو ماضی کے تمام واقعات بھلا دیں گے۔”
جے یو آئی کے سربراہ نے اسرائیل کو غیر قانونی ریاست قرار دیتے ہوئے کہا کہ “اسرائیل نے فلسطین پر زبردستی قبضہ کر رکھا ہے اور امریکا اس ناجائز قبضے کا ساتھ دے رہا ہے۔ فلسطینی محاذ جنگ پر ہیں اور اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں۔”
مولانا نے مزید کہا کہ “اسرائیل جنگی مجرم ہے اور فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔ عالمی عدالت نے نیتن یاہو کو مجرم قرار دے کر اس کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔”


















