
ویب ڈیسک : پشپا سے مقبولیت حاصل کرنیوالے ساؤتھ اور بالی وڈ کے سپر اسٹار اللو ارجن کو پشپا 2 کی اسکریننگ کے دوران ایک خاتون کی ہلاکت پر گرفتار کر لیا گیا ۔
رپورٹ کے مطابق اللو ارجن نے گرفتاری سے بچنے کے لئے تلنگانہ ہائی کورٹ میں بھی درخواست دائر کررکھی تھی ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ حیدرآباد کے ایک تھیٹر میں اسکریننگ کے دوران دم گھٹنے سے ایک خاتون کی موت کے سلسلے میں انکے خلاف درج ایف آئی آر کو منسوخ کیا جائے۔
یادرہے چار دسمبر کی رات اللو ارجن اپنی نئی فلم ‘ پشپا 2 دی رول’ کا پریمیئر شو دیکھنے حیدرآباد کے سندھیا تھیٹر پہنچے تھے۔ اس شو کے لیے وہ اپنی ذاتی سیکیورٹی کے ساتھ تھیٹر پہنچے۔ سندھیا تھیٹر میں ‘پشپاراج’ کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں بھیڑ جمع ہو گئی تھی۔
بھیڑ پر قابو پانے کے لیے مقامی پولیس نے لاٹھی چارج کیا جس کے بعد موقع پر بھگدڑ مچ گئی تھی۔ اس بھگدڑ میں 35 سالہ خاتون کی موت ہوگئی اور اس کا آٹھ سالہ بیٹا زخمی ہوگیا تھا۔ زخمی بیٹے کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
پانچ دسمبر کو سٹی پولیس نے متوفی خاتون کے اہل خانہ سے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ شکایت کی بنیاد پر چکڑ پلی پولیس اسٹیشن نے پشپا اسٹار اللو ارجن، ان کی سیکورٹی ٹیم اور تھیٹر منیجر کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ تفتیش کے دوران پولیس نے تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے جس میں سندھیا تھیڑ کے مالکان میں سے ایک شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اداکار نے اس معاملے پر غم کا اظہار کرتے ہوئے متوفی خاتون کے اہل خانہ کو 25 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان بھی کیا ہے۔
Source link


















